پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ میرا کو شدید ذہنی دباؤ کے باعث امریکا کے شہر نیویارک میں واقع مونٹیفور میڈیکل سینٹر میں طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اداکارہ کو اپنی آئندہ فلم کی شوٹنگ کے دوران غیر معمولی ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد ڈاکٹروں نے احتیاطی تدبیر کے طور پر انہیں نفسیاتی وارڈ میں داخل کرنے کا فیصلہ کیا۔اطلاعات کے مطابق میرا ان دنوں ایک نئی فلم پر کام کر رہی تھیں جو تھرلر طرز کی کہانی پر مبنی ہے۔ فلم میں وہ ایک نفسیاتی طور پر نہایت پیچیدہ اور چیلنجنگ کردار ادا کر رہی ہیں، جس کے باعث شوٹنگ کے دوران ان پر ذہنی دباؤ بڑھ گیا۔ فلم میں شان شاہد اور سونیا حسین بھی اہم کردار نبھا رہے ہیں، تاہم فلم کے نام اور دیگر تفصیلات فی الحال منظرِ عام پر نہیں آئیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے اداکارہ کی ذہنی اور جسمانی کیفیت کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں مکمل آرام اور مسلسل نگرانی کا مشورہ دیا ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق میرا کی حالت اب بہتر اور تسلی بخش ہے اور وہ طبی ماہرین کی زیرِ نگرانی ہیں۔یاد رہے کہ میرا کو آخری بار فلم ’’باجی‘‘ میں دیکھا گیا تھا، جسے شائقین اور ناقدین کی جانب سے خاصی پذیرائی حاصل ہوئی۔ اس فلم کے بعد ان کی بڑے پردے پر واپسی کو مداحوں نے خوش آئند قرار دیا تھا، جبکہ ان کی نئی فلم کا بھی شائقین کو بے چینی سے انتظار تھا۔میرا کی صحت سے متعلق خبر سامنے آنے کے بعد مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے ان کے لیے نیک خواہشات اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اداکارہ جلد صحتیاب ہو کر اپنے کام کی جانب واپس آ سکتی ہیں۔