سندر: 5 سالہ بچہ گٹر میں گر کر جاں بحق، وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس

سندر: 5 سالہ بچہ گٹر میں گر کر جاں بحق، وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس

لاہور کے علاقے سندر میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 5 سالہ بچہ گٹر میں گر کر جان کی بازی ہار گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حسن عامر گلی میں کھیلتے ہوئے اچانک کھلے گٹر میں جا گرا۔

 اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور بچے کو گٹر سے نکال لیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ریسکیو اہلکاروں نے بچے کی میت ضروری کارروائی کے بعد پولیس کے حوالے کر دی، جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔اس حوالے سے ایس پی صدر نے بتایا کہ پولیس واقعے کی مکمل تحقیقات کر رہی ہے۔ انہوں نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا، متاثرہ خاندان سے ملاقات کرکے تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق بچے کے اہلخانہ کی درخواست موصول ہو چکی ہے اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ایس پی صدر کا کہنا تھا کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور اگر کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ثابت ہوئی تو ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ متاثرہ خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔

دوسری جانب، پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے بچے کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے تاکہ آئندہ ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔