حکومت کا 125 ریلوے سٹیشنوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا اعلان

ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائیگا، عملے اور بوگیوں کی کمی کو پورا کرنے کیلئے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں 
بانی سے کوئی ڈیل نہیں ،رہائی عدالت سے ہو گی،اب ریلوے میں کام نہ کرنے والوں کو خمیازہ بھگتنا ہو گا،حنیف عباسی کی میڈیا سے گفتگو
    لاہور ؍ حجرہ شاہ مقیم(یواین پی؍ آن لائن) حکومت نے ملک بھر میں 125 ریلوے سٹیشنوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا اعلان کردیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے بتایا کہ 125 ریلوے سٹیشنوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ توانائی کے شعبے میں بچت ممکن ہو اور ماحولیاتی بہتری لائی جا سکے، ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا، مال بردار گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ بھی آئندہ اہداف میں شامل ہے، عملے اور بوگیوں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ریلوے کا نظام بہتر انداز میں چل سکے۔ان کا کہنا ہے کہ بولان ایکسپریس جو پہلے ہفتے میں صرف دو دن چلتی تھی اب روزانہ چلا رہے ہیں، جب تک ریلوے کو اپ گریڈ نہیں کیا جائے گا، اس وقت تک تھر کول اور ریکوڈک منصوبے بھی ترقی نہیں کر سکیں گے، ریلوے کی بہتری کے بغیر ہم سنٹرل ایشیا، یورپ اور ماسکو تک ریلوے روابط کا خواب پورا نہیں کر سکتے، ملک میں ریلوے کے مختلف ہسپتالوں کو بھی آؤٹ سورس کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے، پاکستان کو معاشی محاذ پر بھی مضبوط کیا جا رہا ہے اور موجودہ حکومت معاشی استحکام کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے واضح کیا ہے کہ حکومت کی جانب سے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ساتھ کسی بھی قسم کی کوئی ڈیل نہیں کی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کا واحد راستہ عدالت ہے۔ حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت اور کارکن اب منہ چھپاتے پھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بھی جیلیں کاٹی ہیں، الیکشن سے قبل سزا یافتہ ہو کر جیل گئے لیکن کبھی رونا دھونا نہیں کیا کیونکہ ہمارا ضمیر مطمئن تھا کہ ہم حق پر ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اپنی ماضی کی غلطیوں کا اعتراف کرتے ہوئے قوم سے معافی مانگنی چاہیے، جب بھارت پاکستان پر حملہ آور تھا، اس وقت وہ پاک فوج پر طعن و تشنیع کر رہے تھے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مستقبل میں صرف وہی ریلوے ملازم ادارے میں کام کرے گا جو اپنی ذمہ داری پوری کرے گا، بصورت دیگر غفلت کے مرتکب افراد کو سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔بعد ازاں وفاقی وزیر نے اوکاڑہ ریلوے سٹیشن کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔