چین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اُس بیان پر شدید ردعمل دیا ہے جس میں انہوں نے امریکی شہریوں کو فوری طور پر ایران کے دارالحکومت تہران سے نکلنے کا مشورہ دیا تھا۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان گو جیاکن نے بیجنگ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ:"آگ پر تیل ڈالنے، دھمکیاں دینے، اور دباؤ بڑھانے سے صورتحال بہتر نہیں ہوگی بلکہ اس سے خطے میں کشیدگی اور تنازع مزید گہرا اور خطرناک ہو جائے گا۔"ترجمان نے امریکا کو مشورہ دیا کہ وہ خطے میں کشیدگی کو ہوا دینے کے بجائے معاملات کو سفارتی طریقے سے حل کرنے کی کوشش کرے۔ چین نے عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کو ختم کرانے میں تعمیری کردار ادا کریں۔یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں ایران-اسرائیل تنازع کے بڑھنے سے عالمی سطح پر جنگ کے پھیلاؤ کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ چین کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں عالمی برادری کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر تنازع کے خاتمے کی طرف بڑھنا چاہیے، نہ کہ اسے مزید ہوا دی جائے۔