ٹریفک پولیس کو 3 حصوں میں تقسیم کرنے کی تجویز وزیراعلیٰ کو بھجوا دی گئی، سیف سٹی کیمروںکو بھی استعمال کیا جائیگا
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب ٹریفک پولیس کے انتظامی ڈھانچے میں اہم تبدیلی کا فیصلہ کر لیا گیا۔ محکمہ نے صوبہ بھر میں ٹریفک پولیس کو3حصوں میں تقسیم کرنے کی تجویز وزیراعلیٰ مریم نواز کو بھجوا دی ۔ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس میں 3 نئی ذمہ داریاں متعارف کرائی جائیں گی جن میں انفورسمنٹ، فسیلیٹیٹرز اور ریگولیٹر افسر شامل ہوں گے۔تجویز کے مطابق سیف سٹی کیمروں کو ٹریفک چالان کیلئے زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے گا جبکہ ان علاقوں میں جہاں کیمرے موجود نہیں، وہاں انفورسمنٹ پولیس اہلکار چالان کریں گے۔ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور عوامی سہولت کیلئے فسیلیٹیٹرز اور ریگولیٹر افسر متحرک کردار ادا کریں گے۔ ریگولیٹرز ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی، جیسے رانگ پارکنگ وغیرہ کی تصاویر بنا کر سیف سٹی کو بھجوائیں گے جبکہ فسیلیٹیٹرز موقع پر موجود گاڑیوں کو ہٹانے میں مدد کریں گے۔محکمہ کی جانب سے بھجوائی گئی سمری میں یہ بھی تجویز کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ کی منظوری کے بعد ٹریفک وارڈنز کی وردی میں بھی تبدیلی کی جائے گی۔