ٹیکس فراڈ میں ملوث افراد کیلئے10 سال قید کی تجویز مسترد

کمیٹی کی ٹیکس فراڈ میں مالیت کے سلیبز بنانے کی سفارش ‘بہتر ہے جرمانہ عائد کیا جائے 
اس سے بہتر ہے ، عمر قید کی سزا دیں، ایف بی آر قتل اور ٹیکس چوری کا جرم برابر تصور کرتا ہے: محسن عزیز 
اسلام آباد( آئی این پی )  سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے ٹیکس فراڈ میں ملوث افراد کے لیے دس سال قید کی سزا کی تجویز مسترد کردی۔تفصیل کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا ، جس میں ارکان نے ٹیکس فراڈ میں ملوث افراد کے لیے دس سال قید کی سزا پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔سینیٹر محسن عزیز نے کہا اس سے بہتر ہے ، عمر قید کی سزا دے دیں، ایف بی آر قتل اور ٹیکس چوری کا جرم برابر تصور کرتا ہے۔چیئرمین ایف بی آر نے کہا کمیٹی چاہے تو ایک ارب سے زائد کے ٹیکس فراڈ پر سزا دس سال قید تجویز کر لے، ٹیکس فراڈ پر سزا ہونی چاہیے۔قائمہ کمیٹی نے ٹیکس فراڈ میں مالیت کے سلیبز بنانے کی سفارش کردی اور یہ بھی کہا بہتر ہے قید کی سزا کے بجائے جرمانہ عائد کیا جائے۔چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ آپ کیا چاہتے ہیں حکومت کے پیسے لوگ کھا جائیں تو کوئی سزا نہ ملے، سائیکل اور موٹر سائیکل کی چوری پر قید کی سزا ہے، پارلیمنٹ وزن برداشت کر سکتی ہے تو پرانا قانون موجود ہے۔