وزیرِ خزانہ کی زیر صدارت اعلی سطح کی کمیٹی نے مصنوعات کے ذخائر کو اطمینان بخش قراردیدیا
بدلتے ہوئے حالات کے پیش نظر صورت حال کی مسلسل نگرانی کی جائے گی: اجلاس میں فیصلے
اسلام آباد (آئی این پی )علاقائی کشیدگی کے تناظر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نظر رکھنے کیلئے وزیرِ خزانہ کی زیر صدارت اعلی سطحی کمیٹی نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کو اطمینان بخش قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی فوری بحران کا خطرہ نہیں نہیں ہے ۔ ا یران پر اسرائیلی حملے کے بعد خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھا کے پیشِ نظر وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر ایک اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔یہ کمیٹی وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے۔ اس میں اہم وفاقی وزارتوں، ریگولیٹری اداروں اور توانائی کے شعبے سے وابستہ ماہرین شامل ہیں۔کمیٹی کا مقصد ملک میں توانائی کی صورتحال پر گہری نظر رکھنا اور کسی بھی ممکنہ بحران سے بچا ئوکے لیے فوری اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔ کمیٹی کا پہلا اجلاس پیر کو وزیرِ خزانہ کی زیرِ صدارت ہوا۔ اجلاس میں عالمی اور مقامی مارکیٹ کی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔