لاہور میں پیٹرول سپلائی متاثر، متعدد علاقوں میں قلت کا خدشہ

لاہور میں پیٹرول سپلائی متاثر، متعدد علاقوں میں قلت کا خدشہ

لاہور میں پیٹرول کی سپلائی کی صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے، جہاں صبح سے آئل ڈپوؤں سے پیٹرول کی ترسیل کے لیے ایک بھی گاڑی روانہ نہ ہو سکی۔

پیٹرول پمپ مالکان نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مارکیٹ میں مصنوعی قلت پیدا کی جا رہی ہے اور متعلقہ اداروں سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔صدر سینٹرل پنجاب پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن چوہدری نعمان مجید کے مطابق اوگرا آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو مؤثر انداز میں کنٹرول کرنے میں ناکام نظر آ رہی ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ امکان ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کے اعلان کے بعد ہی سپلائی معمول پر لائی جائے گی۔چوہدری نعمان مجید نے الزام عائد کیا کہ بعض آئل مارکیٹنگ کمپنیاں قیمتوں میں اضافے کے لیے جان بوجھ کر سپلائی روک دیتی ہیں، جس سے مارکیٹ میں قلت کی صورتحال پیدا ہوتی ہے اور صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قیمتوں میں اضافے سے قبل پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل روکنا مصنوعی قلت پیدا کرنے کے مترادف ہے، جس کی روک تھام ضروری ہے۔پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اوگرا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لے، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں سے سپلائی بحال کروائے اور اگر کسی جانب سے مصنوعی قلت پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تو ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے۔دوسری جانب صارفین کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی دستیابی متاثر ہونے سے روزمرہ معمولات اور سفری معاملات میں مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں، اس لیے حکومت کو بروقت اقدامات کرنے چاہئیں۔