اوورسپیڈنگ پر 700ای چالان

 1ہزار شہریوں کیخلاف کارروائی،مئوثر اقدامات کے باعث حادثات میں نمایاں کمی آئی ہے:ڈی آئی جی ٹریفک 
لاہور(کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کی ہدایات پر صوبہ بھر میں اوور سپیڈنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق رواں ماہ گزشتہ ماہ کے مقابلے میں اوور سپیڈنگ کے رجحان میں 29 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جو مئوثر نگرانی اور سخت قانونی کارروائیوں کا نتیجہ ہے۔ترجمان نے بتایا کہ رواں ماہ اوور سپیڈنگ کرنے والے1000سے زائد شہریوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جبکہ پنجاب سیف سٹی کے جدید کیمروں کی مدد سے 700 سے زائد گاڑیوں کے مالکان کو ای چالان جاری کیے گئے۔ موٹر سائیکل، نجی اور کمرشل گاڑیوں کے خلاف بھی سخت کارروائیاں جاری ہیں۔ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے کہا کہ صوبہ بھر میں موٹر سائیکل سواروں کیلئے حد رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر ہے، جبکہ رفتار کی درست نگرانی کیلئے جدید سپیڈ گن مشینوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے بھی اوور اسپیڈنگ کرنے والوں کے خلاف مسلسل کریک ڈائون جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اوور سپیڈنگ کے خلاف مئوثر اقدامات کے باعث ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح شہریوں کے سفر کو محفوظ، آسان اور پْرسکون بنانا ہے، جبکہ قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جا رہا ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کا کہنا تھا کہ "محفوظ پنجاب، محفوظ سڑکیں اور محفوظ سفر" کے وڑن کے تحت ٹریفک پولیس ہر وقت متحرک ہے اور شہریوں سے اپیل ہے کہ اپنی اور دوسروں کی جان کے تحفظ کیلئے مقررہ حد رفتار کی پابندی کو یقینی بنائیں۔