کراچی میں مختلف ٹریفک حادثات کے دوران 2 خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے، جن میں ٹرک اور ٹریلر کے تصادم سمیت دو الگ حادثات شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گڈاپ سٹی کے علاقے سپرہائی وے پر لکی سیمنٹ فیکٹری کے قریب مزدا ٹرک اور ٹریلر میں تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں مزدا ٹرک میں سوار 37 سالہ کلینر اکبر علی موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ ان کی لاش ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، جہاں قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق حادثے میں جاں بحق شخص کی شناخت اکبر علی ولد اعجاز آصف کے نام سے ہوئی۔دوسرے واقعے میں سائٹ سپرہائی وے کراچی کے قریب معمار موڑ کے پاس نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک 45 سالہ خاتون راہگیر جاں بحق ہو گئیں۔ پولیس کے مطابق خاتون کی فوری شناخت نہیں ہو سکی، تاہم لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی گئی۔
تیسرے حادثے میں کورنگی کراچی کے علاقے عوامی کالونی میں ایک خاتون موٹرسائیکل سے گر کر جاں بحق ہو گئیں۔ پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب چلتی موٹرسائیکل کی چین میں خاتون کا برقعہ پھنس گیا، جس کے باعث وہ سڑک پر گر کر زخمی ہوئیں اور موقع پر دم توڑ گئیں۔جاں بحق خاتون کی شناخت 45 سالہ فوزیہ زوجہ یونس کے نام سے ہوئی، جو کورنگی کی رہائشی تھیں۔ بعد ازاں قانونی کارروائی مکمل کر کے لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔پولیس کے مطابق تینوں واقعات کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ حادثات کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔