فیصل آباد (سپورٹس ڈیسک) جھنگ روڈ فیصل آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام جاری انڈر-19 فٹ بال چیمپئن شپ میں مزارہ کلب نے الفاروق کلب چبہ کو ایک سخت مقابلے کے بعد 0-1 گول سے ہرا دیا اور مزارہ کلب کی جیت میں ریحان نے اہم کردار ادا کیا۔ اس موقع پر ماشا فٹ بال کلب کے صدر و سابق جنرل سیکرٹری اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن رانا محمد اشرف خان، پاکستان سٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل رانا تنویر حسین، سابق قومی فٹ بالر حاجی محمد سعید کے اور ٹورنامنٹ آرگنائزر رانا مبشر بشیر کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول فٹ بال گراؤنڈ، ٹھیکری والا فیصل آباد گراؤنڈ میں جاری چیمپئن شپ کے ایک اہم میچ مزارہ کلب اور الفاروق کلب کے درمیان کھیلا گیا جس میں مزارہ کلب نے الفاروق کلب کو 0-1 گول سے ہرا دیا۔ وقفے تک مزارہ کلب کو الفاروق کلب کے خلاف ایک گول کی برتری حاصل تھی جو مقررہ وقت تک جاری رہی۔ مزارہ کلب کی طرف سے ریحان نے واحد گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ ریفری کے فرائض زاہد چاند نے سر انجام دیئے۔ آج بلوچ کلب اروڑی اور فاروق کلب کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔