ایران کے شمالی علاقوں اور گریٹر تنب جزیرے پر حملے کئے‘ ساحلی دفاعی نظام اور کروز میزائل لانچ سائٹس کو نشانہ بنایا گیا:سینٹ کام‘ایران نے جوابی کارروائی میں کویت، عراق، بحرین اور اردن میں امریکی اہداف پر میزائل اور ڈرون حملے کئے
امریکہ ایران کی بجلی تنصیبات پر حملہ کرے تو فوری باب المندب کو بند کردیا جائے:ایران کے پیغام کے بعد حوثیوں نے ڈرون اور میزائل نصب کردیئے‘بحیرہ احمر کی ممکنہ بندش سے عالمی معیشت اور تیل کی سپلائی شدید متاثرہوگی
تہران، واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک‘ایجنسیاں) ایران نے بحرین، کویت اور اردن پر میزائل اور ڈرون حملے کیے، جبکہ اس سے پہلے امریکہ نے ایران کے اندر مزید گہرائی تک فوجی کارروائیاں کیں اور ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی سخت کر دی۔ایرانی فوج نے کہا کہ اس نے اردن میں امریکی فوجی تنصیبات کو ڈرونز سے نشانہ بنایا ہے، ایران کی فوج نے اعلان کیا کہ دشمن کی جارحیت کے جواب میں اردن میں امریکی فوجی تنصیبات کے مواصلاتی نظام اور ایندھن ذخیرہ کرنے کی جگہوں کو خودکش ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا۔پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ عراق کے ام قصر پورٹ بیس پر امریکی فوجیوں کے مقام کو بھی نشانہ بنایا ہے، مشترکہ میزائل اور ڈرون حملوں میں عراق میں دونوں اہداف کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہا کہ ایران نے درجنوں میزائل اور ڈرونز خلیجی ممالک پر داغے، امریکی حملے اس بار ایران کے شمالی حصوں تک پہنچے جن میں تہران اور صوبہ سمنان شامل ہیں، جہاں بیلسٹک میزائل اور خلائی پروگرام کی تنصیبات ہیں۔سینٹکام کے مطابق امریکا نے گریٹر تنب جزیرے پر بھی حملے کیے، جن میں ساحلی دفاعی نظام اور کروز میزائل لانچ سائٹس کو نشانہ بنایا گیا، کارروائیوں کا نیا سلسلہ مکمل کر لیا ہے، فوجی تنصیبات کو ہدف بنایا گیا۔دریں اثنائعالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق تہران نے حوثیوں کو پیغام پہنچایا ہے امریکہ ایرانی پاور پلانٹس پر حملہ کرے تو باب المندب بند کریں۔اس پیغام کے بعد حوثیوں نے باب المندب کے قریب میزائل اور ڈرونز نصب کردیئے ہیں۔ آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد بحیرہ احمر کی ممکنہ بندش سے عالمی معیشت شدید متاثر ہوگی۔ایران کے خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹر کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابراہیم ذوالفقاری نے کہا ہے کہ امریکا نے ایرانی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا تو خطے میں موجود اہم امریکی تنصیبات تباہ کر دیں گے۔ابراہیم ذوالفقاری نے کہا کہ خطے کا انفراسٹرکچر بھی ایرانی مسلح افواج کے نشانے پر ہو گا، خطے کے انفراسٹکچر کو ایسے تباہ کیا جائے گا جیسے وہ کبھی موجود ہی نہیں تھا۔