بحرین نے امریکا میں 17 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و دفاعی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
اس کا اعلان بحرینی ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔سرمایہ کاری کے تحت بوئنگ کے طیارے، جنرل الیکٹرک کے انجنز کی خریداری اور امریکی ٹیکنالوجی، توانائی اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں باہمی تعاون شامل ہے۔بحرین، جو خلیج میں امریکی پانچویں بحری بیڑے کی میزبانی کرتا ہے، پہلے ہی 2020 کے ابراہام معاہدوں کے تحت اسرائیل سے سفارتی تعلقات قائم کر چکا ہے۔ اس نئی سرمایہ کاری اور تجارتی معاہدے کو خطے میں ایران کے اثرورسوخ کو محدود کرنے اور سیکیورٹی توازن کو مستحکم کرنے کی ایک اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔امریکی حکام کے مطابق، بحرین کے بادشاہ شیخ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ بھی رواں سال کے اختتام پر واشنگٹن کا دورہ کریں گے، جہاں ان معاہدوں کو باضابطہ حتمی شکل دی جائے گی۔