لاہور(کرائم رپورٹر)پاکستان کے پہلے ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن کی ایک اور کامیابی، سیف سٹی آفیسر نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نابینا خاتون کی جان بچا لی۔ ترجمان سیف سٹی کے مطابق فیصل آباد سے خاتون نے 15 پر کال کرکے بتایا کہ وہ گھریلو مسائل کے باعث خودسوزی کرنا چاہتی ہے۔نابینا خاتون گھریلو مسائل کی وجہ سے ذہنی دباؤ میں تھی اور اپنا نام یا پتا بتانے سے بھی قاصر تھی۔ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن نے مہارت اور ہمدردی سے خاتون کو خودکشی سے روکا اور اعتماد بحال کیا۔سیف سٹی آفیسر نے تمام ضروری معلومات حاصل کرکے فوری مدد کیلئے پولیس کو موقع پر روانہ کیا،پولیس نے موقع پر پہنچ کر فوری مدد فراہم کی اور نابینا خاتون کو دارالامان منتقل کرکے حفاظت کو یقینی بنایا۔