زیلنسکی کے آبائی شہر پر روس کا بڑا حملہ: بیلسٹک میزائل اور 28 ڈرونز استعمال

زیلنسکی کے آبائی شہر پر روس کا بڑا حملہ: بیلسٹک میزائل اور 28 ڈرونز استعمال

یوکرین کے وسطی حصے میں واقع صدر ولادیمیر زیلنسکی کے آبائی شہر کرائیوف ریح پر روس نے اب تک کا ایک بڑا حملہ کیا، جس میں ایک بیلسٹک میزائل اور 28 ڈرونز استعمال کیے گئے۔

 امریکی میڈیا اور مقامی حکام کے مطابق، یہ حملے یوکرین کے چار اہم علاقوں کو نشانہ بناتے ہوئے کیے گئے۔کرائیوف ریح کی فوجی انتظامیہ کے سربراہ الیگزینڈر ویکوئی نے بتایا کہ حملے میں شہر کے اہم توانائی مراکز کو ہدف بنایا گیا۔ صدر زیلنسکی نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صرف کرائیوف ریح میں 15 افراد زخمی ہوئے۔زیلنسکی نے مزید بتایا کہ ان حملوں کے نتیجے میں یوکرین بھر میں مجموعی طور پر 3 شہری جاں بحق ہوئے، جن میں ایک سومی اور دو خارکیو کے مختلف علاقوں میں نشانہ بنے۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، روسی افواج نے گزشتہ رات میں مجموعی طور پر 728 ڈرونز حملوں میں استعمال کیے، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ روس اب ڈرونز کے استعمال میں نمایاں اضافہ کر رہا ہے۔حملوں کے بعد یوکرینی حکام نے فضائی دفاعی نظام کو مزید متحرک کر دیا ہے، جب کہ ملک بھر میں ہائی الرٹ نافذ ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ روس کا حالیہ حملہ یوکرین کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچانے کی ایک منظم کوشش ہے۔