چین نے ایران کے جوہری توانائی کے پرامن استعمال کی حمایت کر دی

 طاقت کی سیاست اور دھونس کے خلاف ایرانی مزاحمت کی حمایت جاری رکھیں گے،وزیر خارجہ وانگ ی کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات میں گفتگو
بیجنگ(آئی این پی ) چین نے ایک بار پھر ایران کے پرامن جوہری پروگرام کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایران کی خودمختاری، قومی وقار اور پرامن جوہری ترقی کی حمایت کرتا ہے ۔ غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ وانگ یی اور ایرانی نائب وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور جوہری مسئلے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وانگ یی کا کہنا تھا کہ چین ایران کی خودمختاری، قومی وقار اور پرامن جوہری ترقی کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین ایران کے اس عزم کو سراہتا ہے کہ وہ جوہری ہتھیار نہیں بنائے گا اور جوہری توانائی صرف پرامن مقاصد کے لیے استعمال کرے گا۔چینی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ چین طاقت کے استعمال اور دھمکیوں کی سخت مخالفت کرتا ہے اور ہمیشہ بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے مسائل کے حل کا حامی رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے ایران کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور سفارتی مکالمے کو جاری رکھنے کی حمایت کرتا ہے۔