ایک سال کے دوران آٹو فنانسنگ میں 35فیصداضافہ

دسمبر میں حجم 319 ارب ریکارڈ،ہاؤس بلڈنگ فنانس کا شعبہ میں  بہتررہا
 کنزیومر فنانسنگ میں ماہانہ 1.1 اورسالانہ  15 فیصد اضافہ  ہوا،اعداد و شمار 
کراچی(خصوصی رپورٹ)اسٹیٹ بینک نے کنزیومر فنانسنگ کے تازہ اعداد و شمار جاری کردیے  جن کے مطابق پاکستان میں آٹو فنانسنگ ایک بار پھر تیزی سیبڑھتی ہوئی نظر آرہی ہے۔دسمبر 2025 میں آٹو فنانسنگ کا مجموعی حجم 319 ارب روپے تک پہنچ گیاجو دسمبر 2024 میں 235 ارب روپے تھا،اس طرح ایک سال کے دوران آٹو فنانسنگ میں 35.5 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اسٹیٹ بینک کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر بھی آٹو فنانسنگ میں اضافہ دیکھا گیا۔نومبر 2025کیمقابلے میں دسمبر2025 کے دوران آٹو فنانسنگ میں 0.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو اس بات کی علامت ہے کہ بلند شرحِ سود کے باوجود گاڑیوں کی فنانسنگ میں دلچسپی برقرارہے۔کنزیومر فنانسنگ کے دیگر شعبوں میں بھی نمایاں بہتری سامنے آئی ،ملک بھر میں کریڈٹ کارڈ صارفین کی تعداد میں سالانہ بنیادوں پر 30.5 فیصد اضافہ ہوا ، اسی طرح ہاؤس بلڈنگ فنانس کے شعبے میں بھی بہتری دیکھی گئی جہاں قرض لینے والے صارفین کی تعداد ایک سال کے دوران 10.3 فیصد بڑھ گئی۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق مجموعی طور پر کنزیومر فنانسنگ میں ماہانہ بنیادوں پر 1.1 فیصد جبکہ سالانہ بنیادوں پر 15 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ماہرین کے مطابق اس رجحان کے پیچھے مہنگائی میں بتدریج کمی، روپے کے استحکام اور صارفین کی جانب سے مستقبل کے حوالے سے بہتر توقعات کارفرما ہیں۔