ایران فوری طور پر پالیسی بدلے ورنہ مزید پابندیاں عائد ہوں گی: برطانوی مندوب کا خطاب
امریکہ طاقت کے استعمال کی کوشش فوری ترک کرے،ایسے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوتا:چینی مندوب
نیویارک(آئی این پی)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکا اور برطانیہ نے ایران کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران میں جاری قتل و غارت کو روکنے کیلئے تمام آپشنز زیرِ غور ہیں، عالمی میڈیارپورٹس کے مطابق ایران کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں امریکی مندوب مائیک والٹز نے خبردار کیا ہے کہ ایران میں جاری قتل و غارت کو روکنے کیلئے تمام آپشنز زیرِ غور ہیں ہم ایرانی عوام کی حمایت جاری رکھیں گے، ایرانی حکومت کمزور ہو گئی ہے، ایران بات چیت کا کہتا ہے مگر عمل کچھ اور کرتا ہے، ایران کا طرز عمل مذاکرات کے برعکس ہے، صدر ٹرمپ نے ایران کیخلاف تمام آپشن کھلے رکھے ہیں۔برطانوی مندوب نے بھی قدرے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں ہزاروں افراد ہلاک اور متعدد گرفتار ہونے کی رپورٹس تشویشناک ہیں، حکومت نے انٹرنیٹ بند کیا، لیکن ویڈیوز خوفناک حقیقت ظاہر کر رہی ہیں، مظاہروں کو غیر ملکی حمایت یافتہ کہنا جھوٹ ہے‘روسی مندوب نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں امریکا پر سخت تنقید کرتے ہوئے اجلاس کو سرکس قرار دے دیا۔روسی مندوب نے کہا کہ سلامتی کونسل کا اجلاس سرکس سے زیادہ کچھ نہیں، یہ اجلاس بلانا شرمناک ہے۔انہوں نے کہا کہ اجلاس عالمی امن کے لیے بلایاجاناچاہیے تھا نہ کہ ایران کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے لیے، بیرونی قوتیں ایران میں موجودہ حالات کو بڑھاوا دے رہی ہیں۔ چینی مندوب نے کہا ہیکہ امریکا ایران پر طاقت کے استعمال کی کوشش فوری ترک کرے اور ہم دنیا کو جنگل کے قانون کی طرف دھکیلنے کے مخالف ہیں۔ چینی مندوب نے کہا کہ امریکا ایران کو مسلسل طاقت کے استعمال کی دھمکیاں دے رہاہے جس سے مشرق وسطی میں ایک اور جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکا ایران پر طاقت کے استعمال کی کوشش فوری ترک کرے، ہم دنیا کو جنگل کے قانون کی طرف دھکیلنے کے مخالف ہیں۔