18 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی لگائی جائے:سینیٹرز

معاملہ والدین کیلئے شدید تشویش کا باعث بن چکا :فلک ناز‘متعدد سماجی مسائل جنم لے رہے ہیں:فوزیہ ارشد
مشترکہ نوعیت کا معاملہ ہے جس پر سنجیدہ غور کی ضرورت ہے،  متعلقہ کمیٹی کے سپرد کیا جائے:طارق فضل چودھری
 اسلام آباد(آئی این پی) سینیٹ اجلاس میں 18 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کا مطالبہ کردیا گیا تاہم معاملہ متعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق سینیٹ کے اجلاس میں 18 سال سے کم عمر بچوں کے ٹک ٹاک اور سوشل میڈیا کے استعمال پر توجہ دلا نوٹس پیش کیا گیا۔نوٹس سینیٹر فلک ناز نے پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد کی جائے کیونکہ یہ معاملہ والدین کے لیے شدید تشویش کا باعث بن چکا ہے۔سینیٹر فوزیہ ارشد نے کہا کہ بچوں کے سوشل میڈیا کے بے جا استعمال سے معاشرے میں متعدد سماجی مسائل جنم لے رہے ہیں، اس لیے حکومت اور والدین کو مل کر اس مسئلے کا حل نکالنا ہوگا کیونکہ یہ صرف انفرادی نہیں بلکہ ایک قومی مسئلہ ہے۔وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ یہ مشترکہ نوعیت کا معاملہ ہے جس پر سنجیدہ غور کی ضرورت ہے، لہذا اسے متعلقہ کمیٹی کے سپرد کیا جائے۔انہوں نے خصوصی کمیٹی بنانے کی تجویز کی بھی حمایت کی اور کہا کہ تمام متعلقہ وزارتیں اور ادارے مل کر قابلِ عمل حل تجویز کریں۔