تاجروں اور صنعت کاروں کا ملکی معیشت میں اہم کردار ہے:گیلانی

سرگرمیوں کے فروغ میں فعال کردار ادا کریں تاکہ معیشت مضبوط اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے 
 قائم مقام صدر گیلانی سے تاجروں، سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں  کی پارلیمنٹ ہاؤس میں اہم ملاقات
اسلام آباد( آن لائن )قائم مقام صدرِ مملکت  سید یوسف رضا گیلانی  سے ملک کی کاروباری برادری، تاجروں، سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کے ایک وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی معاشی صورتحال، سرمایہ کاری، تجارتی سرگرمیاں اور صنعتی شعبوں کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ  خیال کیا گیا۔وفد میں احسن بھٹی، ہارون ناصر، عمر حسین، اویس خٹک، حاتم طبانی، شاہد خان، شعیب ظفر، عامر اقبال، حمزہ رحمان، عثمان شوکت، نجم سحر اور دیگر شامل تھے۔ وفد کے اراکین نے قائم مقام صدر کو کنسٹرکشن، رئیل اسٹیٹ، جدید انرجی کنٹرول شیشے اور صحت کے شعبے  میں سرمایہ کاری کے مواقع اور پائیدار ترقی کے امکانات پر تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قائم مقام صدر گیلانی نے کہا کہ تاجروں، سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کا کردار ملکی معیشت کی بہتری اور روزگار کے مواقع بڑھانے میں کلیدی ہے۔ انہوں نے کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ سرگرمیوں کے فروغ میں فعال کردار ادا کریں تاکہ معیشت مضبوط اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے