حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس بڑھادیا‘عوام قیمتوں میں کمی سے محروم

پٹرول پر 4 روپے 65 پیسے فی لٹر لیوی بڑھائی گئی‘  لیوی برقرار رکھی جاتی تو پٹرول 4 روپے 65 پیسے فی لٹر سستا ہو سکتا تھا
 ڈیزل پر لیوی میں 80 پیسے اضافہ‘مٹی کے تیل پر بھی لیوی ایک روپیہ 41 پیسے ‘ لائٹ ڈیزل پر 15 روپے 84 پیسے بڑھائی گئی
اسلام آباد(آئی این پی)حکومت  کی جانب سے  پیٹرولیم لیوی میں اضافے کے باعث  عوام  قیمتوں میں کمی کے مکمل ریلیف سے محروم ر ہ  گئے   ۔پیٹرولیم مصنوعات پر حکومت نے لیوی 4 روپے 65 پیسے فی لیٹر تک بڑھا دی ہے۔ دستاویزات  کے مطابق پیٹرول پر 4 روپے 65 پیسے فی لیٹر لیوی بڑھائی گئی، جس کے بعد پیٹرول پر فی لیٹر پیٹرولیم لیوی 79 روپے 62 پیسے سے بڑھا کر 84 روپے 27 پیسے کر دی گئی ہے۔اسی طرح ڈیزل پر لیوی میں 80 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل پر فی لیٹر پیٹرولیم لیوی 75 روپے 41 پیسے سے بڑھا کر 76 روپے 21 پیسے کر دی گئی ہے۔واضح رہے کہ اگر پیٹرولیم لیوی برقرار رکھی جاتی تو پٹرول 4 روپے 65 پیسے فی لیٹر سستا ہو سکتا تھا اور اسی طرح لیوی برقرار رکھنے سے ڈیزل 80 پیسے فی لیٹر سستا ہو سکتا تھا۔دستاویزات کے مطابق مٹی کے تیل پر بھی پیٹرولیم لیوی 1 روپے 41 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی ہے، جس کے بعد مٹی کے تیل پر لیوی 18 روپے 95 پیسے سے بڑھا کر 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر کر دی گئی۔ اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل پر بھی پیٹرولیم لیوی کی شرح 15 روپے 84 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔