گوگل نے پاکستان میں جدید ’اے آئی موڈ‘ سرچ فیچر لانچ کر دیا

گوگل نے پاکستان میں جدید ’اے آئی موڈ‘ سرچ فیچر لانچ کر دیا

دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے اپنا جدید اور طاقتور اے آئی سرچ فیچر "اے آئی موڈ" پاکستان میں بھی متعارف کرا دیا۔

 اب مقامی صارفین بھی اس فیچر سے مستفید ہو سکیں گے۔گوگل کے مطابق یہ فیچر ابتدائی طور پر انگریزی زبان میں دستیاب ہوگا اور صارفین اسے گوگل ایپ (اینڈرائیڈ و iOS)، موبائل اور ڈیسک ٹاپ ویب پر استعمال کر سکیں گے۔اے آئی موڈ پیچیدہ سوالات کے لیے زیادہ تیز، جامع اور ذہین جوابات فراہم کرتا ہے۔ یہ فیچر اس سال کے آغاز میں امریکا میں متعارف کرایا گیا تھا اور اب دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کرنے کے بعد پاکستان میں بھی لانچ کر دیا گیا ہے۔گوگل کا کہنا ہے کہ Gemini 2.5 کے کسٹم ورژن پر مبنی یہ موڈ صارفین کو طویل اور پیچیدہ سوالات کرنے کی سہولت دیتا ہے، جو پہلے صرف متعدد سرچز کے ذریعے ممکن تھے۔ یہ فیچر بیک وقت کئی سوالات کے تفصیلی جوابات دیتا ہے اور مزید تحقیق کے لیے متعلقہ لنکس بھی فراہم کرتا ہے۔

ابتدائی ٹیسٹرز کے مطابق اے آئی موڈ میں کیے گئے سوالات روایتی سرچ کے مقابلے میں 2 سے 3 گنا زیادہ طویل ہوتے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ یہ خاص طور پر تحقیقی کاموں، پروڈکٹس کا موازنہ کرنے، یا سفر کی منصوبہ بندی جیسے معاملات میں بے حد کارآمد ہے۔پسِ پردہ یہ فیچر صارف کے سوال کو ذیلی موضوعات میں تقسیم کر کے کئی سرچز بیک وقت چلاتا ہے، جس سے زیادہ گہرائی اور متعلقہ نتائج فراہم کیے جا سکتے ہیں۔اسے ملٹی موڈل فیچر کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے، جو صارفین کو متن، آواز یا تصاویر کے ذریعے سرچ کرنے کی سہولت دیتا ہے۔ گوگل کا کہنا ہے کہ اس فیچر کا مقصد صارفین کو ویب پر موجود مواد کی دریافت میں نئے امکانات فراہم کرنا ہے۔