جے یو آئی کا علی امین گنڈاپور پر سخت ردعمل، اسٹیبلشمنٹ کا مہرہ قرار دیا

جے یو آئی کا علی امین گنڈاپور پر سخت ردعمل، اسٹیبلشمنٹ کا مہرہ قرار دیا

ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے بیان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہیں اسٹیبلشمنٹ کا مہرہ قرار دیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور سیاست میں اپنے آپ کو اہم ثابت کرنے کے لیے جھوٹ اور فریب کا سہارا لیتے ہیں۔ اسلم غوری کے مطابق گنڈاپور کا کردار ایک ناکام سیاسی مہرہ ہے جسے اسٹیبلشمنٹ نے اپوزیشن کو کمزور کرنے کے لیے میدان میں اتارا ہے، تاہم جے یو آئی اس سازش کو ناکام بنانے کی پوری کوشش کرے گی۔انہوں نے گنڈاپور کو کرپشن اور لوٹ مار کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی سیاست ذاتی مفادات تک محدود ہے اور عوامی خدمت کے دعوے محض ایک مذاق ہیں۔ اسلم غوری کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کی خودغرضی اور بزدلی نے تحریک انصاف کو شرمندہ کیا، اور وہ اب کس منہ سے سیاسی اخلاقیات پر بات کر رہے ہیں۔

اس کے علاوہ، جے یو آئی کے ترجمان نے 2018 اور 2024 کے انتخابات کو عوامی مینڈیٹ کی چوری قرار دیا اور کہا کہ ایسے نتائج کو تسلیم کرنا قوم کے ساتھ غداری کے مترادف ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ علی امین گنڈاپور جیسے کرداروں کی سیاست جھوٹ اور دھوکہ دہی پر مبنی ہے، اور جے یو آئی ہمیشہ ایسے کرداروں کو بے نقاب کرے گی۔یہ ردعمل وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے اس بیان کے بعد آیا ہے جس میں انہوں نے مولانا فضل الرحمان پر سخت تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ ان کی سیاسی حیثیت عمران خان کے مقابلے میں بہت کم ہے۔