وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ القادر یونیورسٹی کیس کا فیصلہ آ چکا ہے اور اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کئی اہم باتیں کیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ فرح گوگی، جنہوں نے مبینہ طور پر بڑی رقم چوری کی اور ملک سے باہر فرار ہو گئیں، دراصل چوری کے مال کو ہڑپ کرنے کے لیے واردات کر رہی تھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ ریاستی رقم کسی کے ذاتی اکاؤنٹ میں ڈال دی جائے۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بعض لوگ ابھی بھی انہیں نجات دہندہ سمجھتے ہیں، حالانکہ وہ خود چوروں کو ملک کے خلاف کھڑا کرتے تھے۔ وزیرِ دفاع نے عمران خان پر الزام لگایا کہ انہوں نے قوم کے ساتھ ظلم کیا ہے اور مخالفین کے ساتھ جو سلوک کیا، وہ سب کے سامنے ہے۔
خواجہ آصف نے اس موقع پر نواز شریف کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ اگر کوئی شخص نواز شریف پر کرپشن کا الزام ثابت کر دے تو وہ اس الزام کو تسلیم کریں گے۔واضح رہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں بدعنوانی اور کرپٹ پریکٹسز کے مرتکب قرار دیا گیا ہے۔ انہیں نیب آرڈیننس 1999 کے تحت مجرم قرار دے کر 14 سال قید بامشقت اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔