اسلحہ لائسنس میں ترمیم ،تبدیلی آن لائن ہوگی

 اسلحہ بور تبدیلی، لائسنس ایکسٹینشن ودیگر سہولیات کیلئے درخواست دی جاسکتی 
 دفاتر کے چکر سے نجات ، کاغذات سے فیس تک آن لائن جمع ہوگی:مراسلہ
لاہور (خصوصی رپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پرمحکمہ داخلہ نے صوبہ بھرکے عوام کی سہولت کیلئے انفرادی اسلحہ لائسنس میں ترمیم و تبدیلی کا تمام عمل آن لائن کر دیا۔ شہری اسلحہ بور ، اسلحہ کیٹیگری تبدیلی، گولیوں میں اضافے کی درخواست، اسلحہ لائسنس کی وراثتی منتقلی، ڈوپلیکیٹ لائسنس، موجودہ اسلحے کی فروخت اور پاکستان بھر میں لائسنس معیاد میں ایکسٹینشن کی درخواست آن لائن دے سکتے ہیں۔ لوگوں کو اب اسلحہ لائسنس کیلئے دفاتر کے چکر نہیں لگانا ہوں گے۔ ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق اسلحہ لائسنس میں تبدیلی کیلئے تمام متعلقہ کاغذات سے لیکر قانونی فیس تک آن لائن جمع کرائی جا سکتی ہے۔ محکمہ داخلہ اور نادرا کے اشتراک سے اسلحہ لائسنس کیلئے آن لائن موڈیول پنجاب آرمز رولز 2023 کے تحت تیار کیے گئے ہیں۔ محکمہ داخلہ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو اسلحہ لائسنس کیلئے آن لائن موڈیول کے استعمال بارے مراسلہ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اسلحہ لائسنس میں تبدیلی کیلئے آنے والوں کو آن لائن موڈیول بارے آگاہی دیں۔