3سالہ بچے کو گھر سے نکالنے والے باپ کی ضمانت خارج

ملزم بلال فرار،والدین کا تنازع بچوں پراثراندازنہیں ہوناچاہئے:عدالت
چائلڈپروٹیکشن بیورو کے رابطے پر والد ،والدہ نے بچے کو لینے سے انکار کیا
لاہور (کرائم  رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ کیجسٹس فاروق حیدر نے 3 سالہ بچے کو گھر سے نکالنے والے والد بلال کی عبوری ضمانت خارج کردی،ملزم عدالتی فیصلہ سننے سے قبل ہی کمرہ عدالت سے فرار ہوگیا۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ بچے اللہ تعالیٰ کی نعمت اور ملک وقوم کا سرمایہ ہیں، انہی بچوں نے کل ملکی ترقی میں کردار ادا کرنا ہے ،والدین کے تنازع کو بچوں پر اثر انداز نہیں ہونا چاہئے۔سرکاری وکیل نے بتایاکہ ایف آئی آر کے مطابق چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے والد اور والدہ سے رابطہ کیا، خاوند اور بیوی دونوں نے بچے کو لینے سے انکار کردیا۔وکیل درخواست گزار نے کہا کہ اگر والدہ بچے کی حوالگی سے دستبردار ہو تو لینے کو تیار ہوں، بیوی شانزے بی بی نے علیحدگی کیلئے فیملی عدالت میں چار دعوے کئے،لاہور میں دائر دعویٰ میں ڈگری ہونے تک بچہ بیوی کے پاس تھا،درخواست گزار کو نہیں پتہ کہ بچہ کیسے اور کب سیالکوٹ پہنچا ،سیالکوٹ میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے مقدمہ درج کرایا۔