چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت یا کسی میچ کی پریشانی نہیں ہے، ٹیم کو ایک ہی پیغام ہے کہ اچھا کھیلیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ باہر کے اسٹیڈیمز دیکھ کر لگتا تھا کہ ہم بہت پیچھے ہیں، لیکن اب ہم آگے ہیں۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی تعمیر نو کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ابھی اس اسٹیڈیم میں مزید کام ہونا باقی ہے، جو چیمپئنز ٹرافی کے بعد مکمل کیا جائے گا۔محسن نقوی نے مظفر آباد اور اسلام آباد میں بھی اسٹیڈیمز کی تعمیر کے منصوبوں کا ذکر کیا اور کہا کہ اس بار پی ایس ایل کو نئے رنگ کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی تعمیر میں حصہ لینے والے مزدوروں کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس پروجیکٹ کے اصل ہیرو ہمارے مزدور ہیں۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی ٹیم پر بھروسہ ہونا چاہیے، کھلاڑی محنت کر رہے ہیں اور وہ اچھے نتائج دیں گے۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ ٹیم کو سپورٹ کریں، چاہے وہ ہارے یا جیتے۔