حکومت کا غریبوں پررگڑا لگانے کا پلان‘بجلی اور گیس کی پوری قیمت وصول کرنے کا فیصلہ پٹرول‘ڈیزل سستا نہ ہونے پر شہری برہم

صرف مستحق بجلی صارفین کو بے نظیر انکم سپورٹس پروگرام کے تحت سبسڈی ملے گی‘ آئی ایم ایف  کو  ٹیرف ری سٹرکچرنگ ،سبسڈی پر بریفنگ دی جائیگی
رمضان سے پہلے حکومت نے ریلیف کی جگہ تکلیف دے دی،اب پیدل چلیں گے یا پھر سائیکل نکالنی پڑے گی :پٹرول مہنگا ہونے پر شہریوں کا شدید ردعمل 
اسلام آباد‘کراچی (آئی این پی )پاور ڈویژن نے مستقبل میں سبسڈی سے متعلق پلان تیار کر لیا۔ مستقبل میں صارفین سے بجلی اور گیس کی پوری قیمت وصول کی جائے گی۔ صرف مستحق بجلی صارفین کو بے نظیر انکم اسپورٹس پروگرام کے تحت سبسڈی دی جائے گی۔ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق پاور ڈویژن نے مستقبل میں سبسڈی سے متعلق پلان تیار کر لیا، آئی ایم ایف  کو حالیہ ٹیرف ری اسٹرکچرنگ ،سبسڈی پر بریفنگ دی جائے گی، مستقبل میں صرف مستحق صارفین  کو سبسڈی دی جائے گی۔پاور ڈویژن نے بی آئی ایس پی کے ساتھ مل کر ڈیٹا اکٹھا کرنا شروع کر دیا، کراس  سبسڈی یا دیگر صارفین ، شعبے پر اضافی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا ، مستحق صارفین کو صرف بجٹڈ سبسڈی دی جائے گی ، دیگر صارفین سے بجلی کی پوری قیمت وصول کی جائے گی۔ذرائع پاور ڈویژن گیس کے شعبے میں بھی کراس سبسڈی کو ختم کیا جائے گا، گیس شعبے کی کراس سبسڈی کو آئندہ بجٹ میں رکھا جائے گا، گیس  شعبے کی 225 ارب روپے کی کراس سبسڈی ہے‘دریں اثناء پیٹرولیم مصنوعات  کی قیمتوں میں اضافے پر عوام حکومت پر برس پڑے اور کہا رمضان سے پہلے حکومت نے ریلیف کی جگہ تکلیف دے دی،اب پیدل چلیں گے یا پھر سائیکل نکالنی پڑے گی۔ رپورٹ  کے مطابق حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر ملک بھر میں شدید عوامی ردِعمل سامنے آیا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان کی آمد آمد ہے، حکومت کو چاہیے تھا عوام کو کچھ ریلیف دیں انہوں نے مزید تکلیف دے دی اور راتوں رات پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔عوام نے شکوہ کیا کہ "ہماری تنخواہیں نہیں بڑھتیں لیکن پیٹرول روز روز مہنگا ہو رہا ہے، اس مہنگائی میں گزارا کرنا اب ناممکن ہو چکا ہے۔ اب موٹر سائیکل اور گاڑیاں چلانا بس کی بات نہیں رہی، اب یا تو پیدل چلنا پڑے گا یا پرانی سائیکلیں نکالنی ہوں گی۔شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان کے مقدس مہینے میں سہولت فراہم کرنے کے بجائے عوام کی کمر نہ توڑی جائے۔