سری لنکا میں وزارت داخلہ کا دورہ ، ہم منصب سے ملاقات‘ انسداد دہشت گردی،انسداد منشیات میں تعاون پر گفتگو
کولمبو( آئی این پی )پاکستان اور سری لنکا نے غیر قانونی امیگریشن اور منشیات کی روک تھام کیلئے باہمی کوآرڈینیشن بہتر بنانے پر اتفاق کیا ہے ۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سری لنکا کی وزارت داخلہ کا دورہ کیا جہاں انکی سری لنکن ہم منصب آنند وجے پالا سے ملاقات ہوئی۔ سری لنکن وزیر داخلہ و پارلیمانی امور آنند وجے پالا نے وزارت داخلہ آمد پر اپنے پاکستانی ہم منصب کا شاندار استقبال کیا۔ ملاقات کے موقع پر سری لنکا میں پاکستانی ہائی کمشنر میجر جنرل ریٹائرڈ فہیم العزیز اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔دونوں شخصیات نے داخلی سیکیورٹی، انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات کے لئے باہمی معاونت بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان اشتراک کار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، سائبر کرائمز اور مالیاتی فراڈ میں ملوث مافیا کے خلاف مشترکہ حکمت عملی پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے سری لنکن پولیس کے افسران کو نیشنل پولیس اکیڈمی میں ٹریننگ کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ افسران کے ٹریننگ ایکسچینج پروگرامز سے دونوں ممالک کی فورس کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا۔ محسن نقوی نے کہا کہ دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان تعاون سے تعلقات کی نئی راہیں کھلیں گی۔