بعض نوجوان سوشل میڈیا کے منفی پروپیگنڈے کا شکار ہو کر نیا پاکستان کے نعروں سے متاثر ہوئے، عملی طور پر عوام کو کچھ حاصل نہ ہو سکا‘ پی ٹی آئی نے کوئی بڑا منصوبہ مکمل نہ کیا
مسلم لیگ ن ہی وہ جماعت ہے جس نے ملک میں ترقی کے سفر کو آگے بڑھایا اور مستقبل میں بھی یہی جماعت استحکام اور خوشحالی کی ضمانت بنے گی:نارووال میں خطاب
نارووال(آئی این پی)وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے مسلم لیگ(ن ) انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، لیکن قانون کی عملداری سب کے لیے برابر ہے۔نارووال میں غازیوال کالونی میں ماڈل ویلج منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بعض نوجوان سوشل میڈیا کے منفی پروپیگنڈے کا شکار ہو کر نیا پاکستان کے نعروں سے متاثر ہوئے، مگر عملی طور پر عوام کو کچھ حاصل نہ ہو سکا۔انہوں نے کہا کہ وہ ہر انتخابی جلسے میں ایک سادہ سوال کرتے رہے کہ کیا کسی نے ان کے دور میں مفت علاج یا نمایاں سہولت حاصل کی؟ مگر دو انتخابات کے دوران کسی اجتماع میں اس کا مثبت جواب سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے چار سالہ دورِ حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ملک میں کوئی بڑا ترقیاتی منصوبہ مکمل نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مرکز اور پنجاب دونوں کے وسائل ہونے کے باوجود عوام کو نئی سڑکیں، تعلیمی ادارے اور ہسپتال میسر نہ آ سکے۔انہوں نے سابق وزیرِاعلی پنجاب عثمان بزدار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبے پر کمزور قیادت مسلط کی گئی۔ انہوں نے مجمع سے استفسار کیا کہ اس دور میں کون سا بڑا منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچا؟احسن اقبال نے کہا کہ سیاست میں گالم گلوچ اور الزام تراشی کے کلچر کو فروغ دیا گیا اور مخالفین کو بدنام کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن ہی وہ جماعت ہے جس نے ملک میں ترقی کے سفر کو آگے بڑھایا اور مستقبل میں بھی یہی جماعت استحکام اور خوشحالی کی ضمانت بنے گی