پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کئی حکومتی معاہدے زیر غور: وزیر خزانہ

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کئی حکومتی معاہدے زیر غور: وزیر خزانہ

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حکومتی سطح پر (G2G) کئی معاہدے زیر غور ہیں، جبکہ پاکستان سے سعودی عرب کو ہنرمند افرادی قوت کی برآمد بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

سعودی وژن 2030 سے سیکھنے کا عزم
العلا کانفرنس کے موقع پر عرب نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ سعودی عرب کی وژن 2030ء سے سیکھنے کے لیے پاکستان پُرعزم ہے۔ ان کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کی شراکت داری طویل المدتی اور انتہائی مضبوط ہے، جبکہ سعودی عرب وژن 2030ء کے اہداف وقت سے پہلے حاصل کر رہا ہے۔

اقتصادی اصلاحات میں رہنمائی
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی کامیابیوں سے پاکستان کو اپنی اقتصادی اصلاحات میں رہنمائی مل سکتی ہے، کیونکہ سعودی حکومت نے مختلف شعبوں میں ترقی کے جو ماڈلز اپنائے ہیں، وہ پاکستان کے لیے ایک مثال ثابت ہو سکتے ہیں۔

سعودی سرمایہ کاری پر اطمینان
وزیر خزانہ نے پاکستان میں بڑھتی ہوئی سعودی سرمایہ کاری پر اظہار اطمینان کیا اور کہا کہ سعودی آرامکو کی پاکستان کے ڈاؤن اسٹریم پیٹرولیم سیکٹر میں سرمایہ کاری خوش آئند ہے۔

آئی ایم ایف پروگرام میں سعودی حمایت
محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کی حمایت اور آئی ایم ایف پروگرام میں تعاون پر شکر گزار ہے۔ انہوں نے کہا کہ العلا کانفرنس ابھرتی معیشتوں کے درمیان تعاون اور اقتصادی استحکام کے لیے ایک اہم فورم ہے، جس سے پاکستان بھی بھرپور استفادہ کر رہا ہے۔