ویب ڈیسک: پاکستان اور امریکا کے درمیان ٹیرف معاہدے پر مذاکرات کامیابی سے مکمل ہوگئے۔
وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے مذاکرات کی کامیابی پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ اس پیش رفت سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو نئی مضبوطی ملے گی۔واشنگٹن میں امریکی محکمۂ خزانہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کے دوران وزیرِ خزانہ نے پاکستان کی مضبوط معاشی بنیادوں پر بریفنگ دی اور تیل و گیس، معدنیات، زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں امریکی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ملاقات میں آئی ایم ایف پروگرام کے تحت معاشی اصلاحات، مالیاتی استحکام، اور ورچوئل اثاثوں سے متعلق نئی قانون سازی پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔وزیرِ خزانہ نے امریکا پاکستان بزنس کونسل سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی معاشی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور حکومتی اقدامات سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔محمد اورنگزیب نے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (IFC) کے ریجنل نائب صدر ریکارڈو پولیتی سے بھی ملاقات کی، جس میں ریکوڈک منصوبے کے مالیاتی معاملات جلد طے کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
مزید برآں، وزیرِ خزانہ نے اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر سلیمان الجاسر سے ملاقات میں ایم-6 موٹر وے کے دو حصوں کے لیے فنانسنگ کی منظوری پر شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پولیو کے خاتمے، تیل فنانسنگ سہولت اور نئے کنٹری انگیجمنٹ فریم ورک کی تیاری پر بھی اتفاق کیا۔علاوہ ازیں، سٹی بینک کے نمائندوں سے الگ ملاقات میں وزیرِ خزانہ نے پاکستان میں بینک کی شراکت داری کو سراہا اور انہیں اقتصادی اصلاحات اور استحکام کے اقدامات پر بریفنگ دی۔