وزیراعظم کا ورلڈ بینک کے تحت پاکستان میں 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر اظہار تشکر

وزیراعظم کا ورلڈ بینک کے تحت پاکستان میں 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر اظہار تشکر

وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی بینک کے تحت پاکستان میں 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے اسے پاکستان کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔

 عالمی بینک کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹرز کے وفد سے ملاقات میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ عالمی بینک کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری 7 دہائیوں پر محیط ہے، جس نے کئی اہم ترقیاتی منصوبوں میں مدد فراہم کی۔وزیرِ اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی بینک نے 2022 کے سیلاب میں پاکستان کی بھرپور مدد کی اور اب عالمی بینک کی حالیہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت پاکستان میں 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہو گی، جو ملک کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہو گی۔ ان کے مطابق، اس رقم کا 20 ارب ڈالر کا حصہ صحت، تعلیم، نوجوانوں کی ترقی اور سماجی شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے مختص کیا جائے گا، جبکہ باقی رقم پاکستان کے نجی شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے خرچ کی جائے گی۔شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں پر عالمی بینک کا اعتماد پاکستان کے معاشی استحکام کا غماز ہے اور ادارہ جاتی اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کی معیشت مثبت سمت میں گامزن ہے اور اس کے لیے مزید اصلاحات کی ضرورت ہے، جن میں ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن، بجلی کے شعبے میں اصلاحات اور کرپشن کے خاتمے کے لیے شفافیت کی کوششیں شامل ہیں۔عالمی بینک کے وفد نے پاکستان کی حکومت کی معاشی اصلاحات کی تعریف کی اور کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ وفد نے پاکستان میں توانائی، صنعت، برآمدات، نجکاری اور دیگر شعبوں میں کی جانے والی اصلاحات کی پذیرائی کی۔ورلڈ بینک کے نو ایگزیکٹیو ڈائریکٹرز پاکستان کے دورے پر ہیں، اور اس دوران وہ پاکستان میں معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔