قدرتی جنگل اگانے کی مہم کا آغاز

978ایکڑ پرپر 6لاکھ 34ہزار درخت لگانے کا ہدف ، منصوبہ سموگ کے خاتمے کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا، صوبائی وزیر مریم اورنگزیب
لاہور (خصوصی رپورٹ ) پنجاب حکومت نے لاہور کی فضائی آلودگی اور سموگ کا مستقل حل تلاش کرنے کے لئے شہر میں 978ایکڑ پر قدرتی جنگل اگانے کی مہم کا آغاز کردیا۔اس مہم کا مقصد لاہور کو آکسیجن حب بنانا اور شہریوں کو تازہ آکسیجن اور صاف فضا فراہم کرنا ہے۔ دریائے راوی کے کنارے وسیع سبز بیلٹ بنانے کے منصوبے کے تحت ابتدائی طور پر 144ایکڑ پر ایک لاکھ پانچ ہزار درخت لگائے جا چکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 6لاکھ 34ہزار درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، اس منصوبے سے نہ صرف فضائی آلودگی میں کمی آئے گی، بلکہ لاہور کی فضاں میں تازگی بھی آئے گی۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ لاہور کو سرسبز اور ماحولیاتی آلودگی سے پاک کرنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی اولین ترجیح ہے، یہ منصوبہ لاہور کی فضا میں بہتر آکسیجن کی فراہمی اور سموگ کے خاتمے کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔اس میں ہر شہری کو شامل ہونے کی اپیل کی ہے۔ ہر فرد کا شجرکاری مہم میں حصہ لینا ضروری ہے۔ یہ منصوبہ نہ صرف لاہور کی ماحولیاتی حالت کو بہتر بنائے گا بلکہ پنجاب حکومت کا ایک اہم اقدام ہے جو گرین انقلاب کی جانب ایک بڑا قدم ثابت ہوگا۔