راولپنڈی میں پانی کا بحران، ایمرجنسی نافذ

 پانی ضائع ہونے سے بچانے کے احکامات پر عمل درآمد، دو شہریوں کو 10 ہزار جرمانہ
راولپنڈی (آ ئی این پی )راولپنڈی میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا، واسا نے شہر میں واٹر ایمرجنسی نافذ کردی۔خشک سالی کے باعث ایم ڈی واسا نی خبردار کیا ہے کہ فروری اور مارچ میں بارشیں نہ ہوئیں تو پانی کا مسئلہ سنگین ہو جائے گا، محکمہ موسمیات نے کم بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ایم ڈی واسا سلیم اشرف نے کہا ہے کہ آبادی میں اضافہ اور کمرشل سرگرمیوں سے پانی کے ذخائر میں کمی ہو رہی ہے، خشک سالی کے باعث دستیاب پانی کی تقسیم مشکل ہوگئی ہے، پانی کے کم استعمال کے لیے آگاہی مہم بھی شروع کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پانی ضائع کرنے پر واسا نے 2 شہریوں کے چالان کیے ہیں، پانی کے غیر ضروری استعمال پر مقدمات کا اندراج کریں گے۔ایم ڈی واسا نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پانی کا استعمال کم کریں اور واسا کے ساتھ تعاون کریں۔