اوور لوڈنگ، اور روٹ پرمٹ کی خودکار نگرانی کے لیے جدید نظام متعارف
چیکنگ کی سرگرمی ریکارڈ ،ٹرانسپورٹ اتھارٹی مانیٹرنگ کرے گی، رپورٹ
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب حکومت نے ٹرانسپورٹرز کی شکایات کے ازالے اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں شفافیت کے فروغ کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے۔نئے اقدامات کے تحت اوور لوڈنگ، فٹنس سرٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ کی خودکار نگرانی کے لیے جدید نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ اس نظام کے مطابق ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز(آر ٹی اے) کے عملے کو گاڑیوں کی چیکنگ صرف سیف سٹی اتھارٹیز کے کیمروں کے سامنے کرنے کی اجازت ہوگی۔ تمام چیکنگ کی سرگرمی ریکارڈ کی جائے گی اور پنجاب ٹرانسپورٹ اتھارٹی اس عمل کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ کرے گی۔ابتدائی طور پر یہ نظام 24 اضلاع میں پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کی چیکنگ کے لیے نافذ کیا جائے گا۔ آر ٹی اے کے عملے کو سیف سٹی کے کیمروں کے علاوہ کہیں بھی گاڑی چیک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، اور نئی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔پنجاب ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور سیف سٹیز اتھارٹی کے درمیان اس نئے شفاف نظام کے لیے معاہدہ بھی طے پا گیا ہے تاکہ شہریوں کو مئوثر اور شفاف ٹرانسپورٹ خدمات فراہم کی جا سکیں۔