لائوڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی ،رواں سال1357 گرفتار

سائونڈ ایکٹ کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت بلا امتیاز کارروائی ہوگی:سی سی پی او لاہور 
لاہور (کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے لائوڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے رواں سال کے دوران 1357 ملزمان کو گرفتار کیاہے۔ترجمان لاہور پولیس نے بتایا کہ سائونڈ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کر کے شہر بھر میں کریک ڈائون جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق اس ضمن میں سٹی ڈویڑن سے 279، کینٹ ڈویڑن سے 280، صدر ڈویڑن سے 290 جبکہ ماڈل ٹائون ڈویڑن سے 208 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لائوڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر بلا امتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شادیوں اور دیگر تقریبات میں لائوڈ اسپیکر کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہے۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ جمعہ کے خطبے اور اذان کے علاوہ لائوڈ اسپیکر کے استعمال کی اجازت نہیں، سائونڈ ایکٹ کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔