اقوام متحدہ میں پاکستانی قونصلر گل قیصر سروانی نے بھارت کو واضح طور پر کہا ہے کہ کشمیر کبھی بھارت کا حصہ نہیں رہا اور نہ ہوگا۔
سکیورٹی کونسل میں خطاب کے دوران انہوں نے بھارتی نمائندے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت نے دہشت گردی کی کھلی سرپرستی کی ہے اور بارہا پاکستان کے خلاف جارحیت کی، جو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی ہے۔گل قیصر سروانی نے مزید کہا کہ بھارت کی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد گروپس میں تحریک طالبان پاکستان اور بلوچ لبریشن آرمی شامل ہیں، جنہوں نے پاکستان میں مختلف حملے کیے۔ انہوں نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی بند کی جائے۔پاکستانی قونصلر نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارت کے بیان کو حقائق کو مسخ کرنے اور بین الاقوامی معاہدے کی غلط تشریح قرار دیا اور واضح کیا کہ معاہدے کی کسی بھی شق میں یکطرفہ معطلی یا ترمیم کی اجازت نہیں دی گئی۔