دھند کے باعث ملک بھر میں ٹریفک حادثات، صادق آباد اور ظاہر پیر میں بسیں الٹیں

دھند کے باعث ملک بھر میں ٹریفک حادثات، صادق آباد اور ظاہر پیر میں بسیں الٹیں

دھند کے شدید اثرات کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں اضافہ ہو گیا ہے۔

صادق آباد میں دھند کی وجہ سے بس الٹنے سے تین افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو رحیم یار خان کے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، جن میں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔اسی دوران ظاہر پیر انٹرچینج کے قریب بھی بس الٹنے سے 5 مسافر زخمی ہو گئے۔

ملک کے مختلف علاقوں میں دھند کے ڈیرے برقرار ہیں، جس کے باعث موٹرویز متعدد مقامات سے بند کر دی گئی ہیں۔ موٹروے ایم-2 لاہور سے ہرن مینار، ایم-3 فیض پور سے رجانہ، ایم-4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان اور ایم-5 ملتان سے روہڑی تک دھند کی وجہ سے بند ہیں۔

قومی شاہراہوں پر بھی حدِ نگاہ کم ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ دھند کے زیادہ اثر والے علاقے شامل ہیں: مانگا منڈی، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی، میاں چنوں، خانیوال، ملتان، لودھراں، بہاولپور، رحیم یار خان اور صادق آباد۔

موٹروے پولیس نے شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز اور فوگ لائٹس کے استعمال کی ہدایت کی ہے۔