وسطی میکسیکو میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، آگ بھڑک اٹھی،7 افراد ہلاک

 طیارہ  فٹ بال گرائو نڈ پر لینڈ کی کوشش کے دوران ویئر ہائو س کی چھت سے ٹکرا گیا
میکسیکوسٹی (آئی این پی )وسطی میکسیکو میں ایک چھوٹا طیارہ ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کے دوران گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں  7 افراد ہلاک ہو گئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حکام  نے بتایا ہے کہ  حادثہ سان ماتیو آٹینکو کے صنعتی علاقے میں پیش آیا جو ٹولوکا ائیرپورٹ سے تقریبا 5 کلومیٹر اور  میکسیکو سٹی سے 50 کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔ طیارے نے بحرالکاہل کے ساحلی شہر آکاپولکو سے اڑان  بھری تھی۔حکام کے مطابق طیارہ  ایک فٹ بال گرائو نڈ پر لینڈ کرنے کی کوشش کر رہا تھا ، اس دوران  ویئر ہائو س کی چھت سے ٹکرا گیا  جس کے باعث شدید آگ بھڑک اٹھی۔ آگ لگنے کے باعث علاقے سے تقریبا 130 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کرنا پڑا۔طیارے کی لینڈنگ کے دوران گرنے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی۔نجی طیارے میں 8 مسافر اور  عملے کے 2 افراد سوار  تھے تاہم حادثے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی، اس حوالے سے حکام نے تحقیقات شروع کردیں۔