خیبرپختونخوا:شہداء کے ورثاء کیلئے مالی امدادمیں50لاکھ اضافہ‘ایک کروڑ ہو گئی

 شہدا ء ہمارا فخر ہیں، خیبر پختونخوا حکومت ان کے ورثاء کا بھرپور خیال رکھے گی: بھارتی حملے  میں  شہید ہونے والوںکے ورثاء   سے ملاقات میں گفتگو
آج کے بعد ہسپتال انتظامیہ، سرکاری سکول اساتذہ اور تمام سرکاری ملازمین دورانِ ڈیوٹی موبائل فون استعمال نہیں کریں گے:وزیراعلی کے پی 
پشاور(آئی این پی)وزیراعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے مئی 2025 کے بھارتی بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والے فورسز کے ورثا کے لئے  مالی امداد میں مزید اضافے کا اعلان کر دیا۔وزیر اعلی سہیل آفریدی سے مئی 2025 کے بھارتی بزدلانہ حملے میں خیبر پختونخوا سے فورسز شہدا کے ورثا کی ملاقات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت شہدا کے اہلخانہ کے ساتھ ہر قدم پر مکمل تعاون کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔وزیر اعلی نے شہدا کے ورثا کے لئے کابینہ سے منظور شدہ 50 لاکھ روپے رقم میں 50 لاکھ روپے مزید اضافے کا اعلان کیا جبکہ جنگ میں خیبر پختونخوا سے زخمی اہلکار کے لیے امدادی رقم 10 لاکھ سے بڑھا کر 25 لاکھ کرنے کا بھی اعلان کیا۔سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کی لازوال قربانیاں ملک و قوم کی سلامتی کی ضمانت ہیں، حق کی راہ میں شہید کبھی نہیں مرتے، شہادت مسلمان کے لیے سب سے اعلی اور مثالی موت ہے۔وزیر اعلی کے پی کا کہنا تھا کہ شہدا ہمارا فخر ہیں، خیبر پختونخوا حکومت انکے ورثا کا بھرپور خیال رکھے گی۔دریںاثناو سہیل آفریدی نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کا رات گئے اچانک دورہ کیا جہاں شہریوں نے ہسپتال انتظامیہ کے خلاف شکایات کے انبار لگا دئیے۔شہریوں کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں مریض رلتے رہتے ہیں جبکہ انتظامیہ اور عملہ دورانِ ڈیوٹی موبائل فون کے استعمال میں مصروف رہتا ہے جس کے باعث علاج معالجے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔وزیر اعلی نے شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ آج کے بعد ہسپتال انتظامیہ، سرکاری سکول اساتذہ اور تمام سرکاری ملازمین دورانِ ڈیوٹی موبائل فون استعمال نہیں کریں گے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کسی ڈاکٹر یا عملے کو ڈیوٹی کے دوران موبائل استعمال کرتے دیکھیں تو اس کی ویڈیو بنا کر بھیجیں تاکہ فوری کارروائی کی جائے