زخمیوںکو 10 سے 20 لاکھ روپے دیئے جائیں گے‘پاک افواج کے شہداء کے ورثاء کو رینک کے حساب سے 1 کروڑ سے 1 کروڑ 80 تک دیئے جائیں گے
پاک افواج کے شہداء کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک ان کی مکمل تنخواہ بمعہ الائونسز جاری رہے گی‘ افواج کے شہداء کے بچوں کو گریجوایشن تک مفت تعلیم دی جائے گی
ہر شہید کی ایک بیٹی کی شادی کیلئے 10 لاکھ کی گرانٹ دی جائے گی‘ بھارتی حملے میں متاثر ہونے والے گھروں، شہید مساجد کی تعمیر وفاقی حکومت کرے گی:وزیراعظم
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم نے معرکہ حق کے دوران شہید ہونے والوں کیلیے پیکیج کا اعلان کردیا۔ وزیراعظم کے اعلان کے تحت معرکہ حق میں شہید ہونے والے پاکستانی شہریوں کے ورثا کو 1 کروڑ جبکہ زخمی ہونے والوں کو 10 سے 20 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔پاک افواج کے شہداء کے ورثاء کو رینک کے حساب 1 کروڑ سے 1 کروڑ 80 لاکھ روپے کی رقم شہدا پیکیج کے تحت دی جائے گی۔پاک افواج کے شہداء کے ورثاء کو گھر کی سہولت کے لئے رینک کے حساب سے 1 کروڑ 90 لاکھ سے 4 کروڑ 20 لاکھ روپے تک دیے جائیں گے جبکہ پاک افواج کے شہداء کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک ان کی مکمل تنخواہ بمعہ الاونسز جاری رہیں گی۔ پاک افواج کے شہداء کے بچوں کو گریجویشن تک مفت تعلیم دی جائے گی جبکہ ہر شہید کی ایک بیٹی کی شادی کے لئے 10 لاکھ روپے کی میرج گرانٹ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ پاک افواج کے زخمی ہونے والوں کو 20 لاکھ روپے سے 50 لاکھ روپے فی کس دئے جائیں گے۔وزیراعظم نے اعلان کیا کہ بھارتی حملے میں متاثر ہونے والے گھروں، شہید مساجد کی تعمیر وفاقی حکومت کرے گی، شہدا کے بچوں کی کفالت حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ہم یہ فرض پورا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ زخمیوں کے علاج کا تمام خرچ وفاقی حکومت اٹھائے گی، پاکستان کی عزت وعظمت کے تحفظ اور دفاع میں جس نے جس محاذ پر جو خدمات سر انجام دی ہیں، ان کا اعتراف قومی سطح پر کیاجائے گا اور انہیں اعزازات سے نوازا جائے گا۔