شہدا پیکیج کے تحت کانسٹیبل سے انسپکٹر تک معاوضہ 1 کروڑ 10 لاکھ سے بڑھا کر 1 کروڑ 70 لاکھ کردیا
شہدا کا معاوضہ ایک کروڑ 60 لاکھ سے بڑھا کر اڑھائی کروڑ کر دیا گیا ‘زخمیوں کو15لاکھ ملیں گے
سانحہ سکول میں جاں بحق بچوں کے والدین کو10لاکھ روپے امداد دی جائے گی:گورنرفیصل کریم کنڈی
پشاور(آئی این پی )گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے ایک طرف دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے، دوسری طرف یہ بچوں کے قاتل ہیں، گرفتار اسکول مالک کے علاوہ ملوث دیگر افراد کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔دیر کالونی میں گورنر کے پی کے لواحقین سے ہمدردی کے اظہار کیلئے پہنچے اور اسکول سانحے کو انتہائی افسوسناک واقعہ قرار دیا۔گورنر نے بتایا سکول سانحے میں شہید ہونے والے ہر بچے کے لواحقین کو دس لاکھ روپے امداد دی جائے گی جبکہ سانحے میں زخمی ہونے والوں کو تین تین لاکھ روپے امداد دی جائے گی‘گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خیبر پختونخوا پولیس کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کردیا۔گور نر کے پی کے اعلان کے مطابق شہدا پیکج، کانسٹیبل سے انسپکٹر تک معاوضہ 1 کروڑ 10 لاکھ سے بڑھا کر 1 کروڑ 70 لاکھ روپے کر دیا گیا، جبکہ ڈی ایس پی اور اے ایس پی رینک کے شہدا کا معاوضہ ایک کروڑ 60 لاکھ سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کر دیا گیا ہے۔گریڈ 18 اور 19 کے شہدا کا معاوضہ 2 کروڑ 10 لاکھ سے بڑھا کر 3 کروڑ روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ گریڈ 20 اور زائد کے شہدا کا معاوضہ 2 کروڑ 10 لاکھ سے بڑھا کر ساڑھے 3 کروڑ روپے کر دیا گیا ہے۔اسی طرح دوران ڈیوٹی زخمی اہلکاروں کا پیکیج ایک لاکھ سے بڑھا کر 15 لاکھ روپے کر دیا گیا اور مستقل معذوری کی صورت میں 50 لاکھ روپے دینے کی منظوری دے دی گئی ہے۔فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ کانسٹیبل سے انسپکٹر تک شہدا کے ورثا کو 5 مرلہ پلاٹ کے بجائے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے دیے جائیں گے، ڈی ایس پی اور اے ایس پی رینک کے شہدا کے ورثا کیلئے رہائشی معاونت کی مد میں ڈھائی کروڑ روپے منظور کرلئے گئے ہیں۔ گورنر کے پی نے مزید بتایا کہ گریڈ 20 اور اس سے اوپر کے پولیس شہدا کے ورثا کو پلاٹ کے بجائے 7 کروڑ روپے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ پولیس اہلکاروں کی شریکِ حیات یا بچوں کی وفات کی صورت میں بھی 50 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے۔