وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے پی ٹی آئی کے بیانیے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے اسلام آباد کی سڑک کو خون میں لت پت دکھایا اور اموات کا جھوٹا بیانیہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کے اعداد و شمار سچے ہیں تو ان کے بیانیے میں تضاد کیوں ہے، اور کیوں پوری پارٹی ایک ہی بات نہیں کرتی۔ وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی طرف سے سیاست میں گالم گلوچ اور سیاسی انتقام کی روایت رکھی گئی ہے، جس کی مثال ملتان میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کی موت اور ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کو نشانہ بنانے کی شکل میں سامنے آئی۔عطا اللہ تارڑ نے پی ٹی آئی کے سابق چیئرمین عمران خان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، اور کہا کہ انہوں نے جھوٹے مقدمات قائم کیے اور اپنی صفوں میں بیٹھے لوگوں کو بھی نہیں بخشا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور میں اپوزیشن کو جیلوں میں ڈالا گیا، اور پارلیمنٹ کے اپوزیشن بینچ خالی رہے۔وزیراطلاعات نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کا فوکس معیشت پر ہے اور اس نے شرح سود کو 13 فیصد تک لانے، زرمبادلہ کے ذخائر کو 12 ارب ڈالر تک پہنچانے اور معیشت کو درست سمت میں گامزن کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد عوام کی غربت اور مہنگائی کے مسائل کو حل کرنا ہے۔