وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان میں مصنوعی ذہانت (AI) اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (IT) کا شعبہ پاکستانی معیشت کو ایک نئی سمت اور ترقی دے رہا ہے۔
انہوں نے یہ بات ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ (ڈی ایف آئی ڈی) فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ "ڈیجیٹل انفراسٹرکچر جدید دور کی اہم ترین ضرورت ہے" اور عالمی منڈی تک رسائی کے لئے ڈیجیٹلائزیشن کو لازمی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عالمی معیار کے ڈیجیٹل ماہرین کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک کی آئی ٹی انڈسٹری عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر سکتی ہے۔وزیر خارجہ نے ڈی ایف آئی ڈی فورم کو پاکستان کے آئی ٹی شعبے کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا اور کہا کہ "آج دنیا میں ڈیجیٹل معیشت ترقی کی نئی راہیں تلاش کر رہی ہے"۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فورم کے ذریعے پاکستان کو عالمی ڈیجیٹل مارکیٹ میں بہتر مقام حاصل کرنے کا موقع ملے گا، جس سے نہ صرف معیشت کو فائدہ ہوگا بلکہ پاکستان کے آئی ٹی کے شعبے کی عالمی سطح پر پہچان بھی بڑھے گی۔اسحاق ڈار نے حکومت کی جانب سے آئی ٹی کے شعبے کی ترقی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے لئے ایک سنہری موقع ہے جس سے معاشی استحکام حاصل کیا جا سکتا ہے۔