برطانیہ میں مقیم ایشیائی باشندوں سے متعلق خبریں شائع کرنے والے ہفت روزہ اخبار ’ایسٹرن آئی‘ نے 2024 کے لیے ایشیا کی ٹاپ 50 مشہور شخصیات کی فہرست جاری کی ہے، جس میں سنیما، ٹیلی وژن، موسیقی، فنون اور ادب سے تعلق رکھنے والی عالمی شہرت یافتہ شخصیات کے نام شامل ہیں۔
اس فہرست میں پاکستان کے 6 فنکاروں کا نام بھی شامل ہے، جنہوں نے عالمی سطح پر اپنی کارکردگی سے نمایاں پہچان بنائی ہے۔
پاکستانی مشہور شخصیات نے اپنے شعبے میں بے پناہ محنت اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں وہ نہ صرف بین الاقوامی سطح پر پہچانے گئے ہیں بلکہ اپنے ملک کا نام بھی روشن کر رہے ہیں۔ گلوکاری، اداکاری اور فلم سازی میں پاکستانی فنکاروں نے اپنی مہارت کا لوہا منوایا ہے، جس کے باعث انہیں دنیا بھر میں عزت و شہرت حاصل ہوئی ہے۔
2024 کی فہرست میں جن پاکستانی اور پاکستان نژاد فنکاروں نے جگہ بنائی ہے، ان میں اداکارہ ہانیہ عامر، فہد مصطفیٰ، سجل علی، عاطف اسلم، حبا بخاری، عروج آفتاب، رز احمد اور زین ملک شامل ہیں۔
فہرست میں پاکستانی فنکاروں کی پوزیشنز درج ذیل ہیں:
9 ویں نمبر پر اداکارہ ہانیہ عامر
11 ویں نمبر پر پاکستانی نژاد برطانوی اداکار رز احمد
21 ویں نمبر پر پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار زین ملک
23 ویں نمبر پر اداکار فہد مصطفیٰ
33 ویں نمبر پر پاکستانی نژاد امریکی گلوکارہ عروج آفتاب
37 ویں نمبر پر اداکارہ حبا بخاری
41 ویں نمبر پر گلوکار عاطف اسلم
48 ویں نمبر پر اداکارہ سجل علی
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فہرست میں شامل بالی ووڈ کی مشہور شخصیات جیسے امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، کارتک آریان اور پربھاس کو پاکستانی فنکاروں نے مقبولیت میں پیچھے چھوڑ دیا ہے، خاص طور پر فہد مصطفیٰ اور ہانیہ عامر نے بالی ووڈ کے بڑے ستاروں کو پیچھے چھوڑا ہے۔اس فہرست نے نہ صرف پاکستانی فنکاروں کے عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے اثرات کو اجاگر کیا ہے بلکہ ان کی محنت اور صلاحیتوں کو تسلیم بھی کیا ہے۔