معاہدے پورے نہیں ہوتے تو حکومت میں رہنے کا فائدہ نہیں:خواجہ اظہار الحسن

ہمارے ساتھ بھی تاریخ پر تاریخ کا معاملہ ہورہا ہے لیکن ہمیں ابھی بھی انصاف کی امید ہے
گورنر سندھ کی تبدیلی کا سوچنے والے دنیا سے چلے جائیں گے گورنر یہیں رہیں گے:میڈیا سے گفتگو 
 کراچی (آئی این پی )متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے معاہدوں کی تاریخ بہت پرانی ہے، اگر معاہدے پورے نہیں کیے تو حکومت میں رہنے کا کیا فائدہ، جب اقتدار ملنا ہوتا ہے تو سب کو غریب یاد آتے ہیں، اقتدار کے بعد مسئلے یاد آتے ہیں۔خواجہ اظہار الحسن نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جعلی ڈومیسائل کے خلاف کیس کیا تھا، 8 برس پہلے سندھ اسمبلی میں آواز اٹھائی تھی، آج سپریم کورٹ میں چوتھی پیشی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ بھی تاریخ پر تاریخ کا معاملہ ہورہا ہے لیکن ہمیں ابھی بھی انصاف کی امید ہے، ایک سے 4 گریڈ تک دوبارہ نوکریاں دی جارہی ہیں، پورے صوبے کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ کی تبدیلی کا سوچنے والے دنیا سے چلے جائیں گے گورنر یہیں رہیں گے۔