شرح سود میں 2 فیصد کمی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا شہبازشریف
شرح سود 15 فیصد سے کم ہوکر 13 فیصد کی سطح پر آگئی‘ پالیسی ریٹ میں احتیاط سے کمی نے مہنگائی اور بیرونی کھاتے پر دبا ئوکو قابو میں رکھا‘ پالیسی ریٹ میں احتیاط سے کمی پائیدار بنیاد پر معاشی نمو کو تقویت دے رہی ہے :بینک
کم افراط زر کی شرح کی بدولت پالیسی ریٹ میں کمی آئی ہے، امید کرتے ہیں آنے والے مہینوں میں افراط زر میں مزید کمی ہو گی، معیشت کی بحالی کے حوالے سے وزیر خزانہ اور دیگر متعلقہ اداروں کی کوششیں لائق تحسین ہیں:شہباز شریف
کراچی‘اسلام آباد(آئی این پی) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے شرح سود میں 2 فیصد کی کمی کردی۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق مانیٹری پالیسی کمیٹی نے سود کی شرح 13 فیصد کردی ہے۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق مہنگائی سال در سال توقعات کے مطابق نومبر میں 4.9 فیصد ہوگئی، صارفین اور کاروباری اداروں کی مہنگائی کی توقعات متضاد ہیں۔سٹیٹ بینک کے مطابق معیشت کے حالیہ اعداد نمو کے امکانات بہتر ہونے کا اشارہ دے رہے ہیں، پالیسی ریٹ میں احتیاط سے کمی نیمہنگائی اور بیرونی کھاتے پر دبا کو قابو میں رکھا۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ پالیسی ریٹ میں احتیاط سے کمی پائیدار بنیاد پر معاشی نمو کو تقویت دے رہی ہے۔سٹیٹ بینک کے مطابق جاری کھاتا اکتوبر میں مسلسل تیسری بار فاضل رہا، جاری کھاتا فاضل رہنے سے زرمبادلہ ذخائر 12 ارب ڈالر ہوگئے ہیں۔سٹیٹ بینک کا کہنا ہے اجناس کی عالمی قیمتوں میں کمی سے درآمدی بل اور مہنگائی میں کمی ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے پالیسی ریٹ میں کمی سے پاکستانی معیشت پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کم افراط زر کی شرح کی بدولت پالیسی ریٹ میں کمی آئی ہے، امید کرتے ہیں آنے والے مہینوں میں افراط زر میں مزید کمی ہو گی۔وزیراعظم نے کہا معیشت کی بحالی کے حوالے سے وزیر خزانہ اور دیگر متعلقہ اداروں کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔