عالمی شہرت یافتہ پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز نے اپنی سادگی سے منعقد ہونے والی شادی کی پہلی تصویر جاری کی ہے۔
رونالڈو اور جارجینا نے 11 اگست 2026 کو پرتگال کے علاقے کاسکائس میں واقع اپنے گھر میں سول تقریب کے دوران شادی کی۔ اس پر ایک نجی، مختصر اور انتہائی سادہ انداز میں منعقد ہونے والی تقریب میں صرف ان کے پانچ بچے اور قریبی رشتہ دار شامل تھے۔شادی کے لیے دونوں نے معروف لگژری فیشن برانڈ گوچی کے ملبوسات کا انتخاب کیا۔ جارجینا نے روایتی عروسی گاؤن کے بجائے سفید رنگ کا نفیس سلک اسکرٹ سوٹ پہنا، جبکہ رونالڈو ہلکے خاکی رنگ کے سوٹ میں نظر آئے۔ ان کے بچوں کے ملبوسات بھی ہلکے اور ہم آہنگ رنگوں میں تھے۔گوچی کا انتخاب اس جوڑے کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ ان کی پہلی ملاقات 2016 میں میڈرڈ کے ایک گوچی اسٹور میں ہوئی تھی، جہاں جارجینا بطور سیلز اسسٹنٹ کام کرتی تھیں۔
جارجینا نے شادی کو سادہ رکھنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’’بچپن میں ایک شاندار محل، بڑی بارات اور طویل عروسی لباس والی شادی کا خواب دیکھا کرتی تھی، مگر اب وہ اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزارنے کو ترجیح دیتی ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ خاندان کے ساتھ ایسے ذاتی لمحات ان کے لیے زیادہ قیمتی ہیں۔رونالڈو نے اپنی شادی کے موقع پر اپنے فٹبال کیریئر کے حوالے سے بھی اہم اشارہ دیا ہے۔ 41 سالہ اسٹرائیکر کا کہنا ہے کہ 2026-27 ممکنہ طور پر ان کے فٹبال کیریئر کا آخری سیزن ہو سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ کھیل سے رخصت ہوتے ہوئے ایک شاندار میراث چھوڑنا چاہتے ہیں، مگر ابھی انہوں نے باضابطہ ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا ہے۔