درخواستیں‘‘پہلے آئیے، پہلے پائیے’’کی بنیاد پر وصول،کوٹہ مکمل ہوتے ہی وصولی بند
کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 مقرر،اخراجات دو مساوی اقساط میں وصول کئے جائینگے
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)حج 2027 کے لیے سرکاری اور نجی حج اسکیم کی درخواستوں کی وصولی کی تاریخ میں تبدیلی کر دی گئی ہے، اب درخواستیں آج کے بجائے کل (18 اگست)سے وصول کی جائیں گی،ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق حج درخواستیں اور اخراجات آن لائن جمع کرائے جا سکیں گے، حج 2027 کی درخواستیں ’’پہلے آئیے، پہلے پائیے‘‘ کی بنیاد پر وصول کی جائیں گی اور کوٹہ مکمل ہوتے ہی درخواستوں کی مزید وصولی روک دی جائے گی۔حج 2027 کے لیے پاکستان کا مجموعی حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 مقرر کیا گیا ہے، جس میں سرکاری حج اسکیم کے لیے 60 فیصد یعنی ایک لاکھ 7 ہزار 526 جبکہ نجی حج اسکیم کے لیے 40 فیصد یعنی 71 ہزار 684 کا کوٹہ مختص ہے۔ذرائع کے مطابق حج اخراجات دو مساوی اقساط میں وصول کیے جائیں گے اور درخواست جمع کراتے وقت پہلی قسط میں نصف حج اخراجات ادا کرنا ہوں گے، اس مرتبہ حج درخواستوں کی وصولی کے لیے 16 بینکوں کے بجائے صرف حبیب بینک منتخب کیا گیا ہے، جس کے باعث ’’پہلے آئیے، پہلے پائیے‘‘ کی بنیاد پر درخواستوں کے اجرا کے وقت رش بڑھنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔عازمین پاک حج ایپ اور ویب سائٹ کے ذریعے بھی درخواستیں جمع کرا سکیں گے، جبکہ حج اخراجات ون لنک، پی ایس آئی ڈی یا کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ادا کیے جا سکیں گے۔ آن لائن چالان حاصل کرکے حج اخراجات نقد بھی جمع کرائے جا سکیں گے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی ڈیجیٹل نظام کے ذریعے حج درخواستیں جمع کرا سکیں گے ،شارٹ حج کے لیے 30 ہزار جبکہ لانگ حج کے لیے 77 ہزار 526 کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔شارٹ حج کا دورانیہ 20 سے 25 روز جبکہ لانگ حج کا دورانیہ 38 سے 42 روز ہوگا۔ سرکاری حج اسکیم کے شارٹ حج پیکیج کے اخراجات 13 لاکھ روپے جبکہ لانگ حج پیکیج کے اخراجات 12 لاکھ روپے مقرر کیے گئے ہیں۔